عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز لوک بھون جموں میں سری نگر کلسٹر یونیورسٹی کی دوسری کونسل میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں کلسٹر یونیورسٹی سرینگر کے وائس چانسلر پروفیسر محمدمبین ، وائس چانسلر جموںیونیورسٹی پروفیسر اومیش رائے ، وائس چانسلرکلسٹر یونیورسٹی جموں پروفیسر کے ایس چندر شیکھر ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فائنانس ڈیپارٹمنٹ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ، سابق وائس چانسلر سینٹرل یونیورسٹی گجرات پروفیسر راما شنکر دوبے ،سابق و ائس چانسلرعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی پروفیسر پی کے عبدالعزیز ، کلسٹر یونیورسٹی کشمیر رجسٹرار اور کونسل کے دیگر اراکین نے شرکت کی ۔ یونیورسٹی کونسل نے لیفٹیننٹ گورنر کی زیر صدارت میٹنگ میں مختلف ایجنڈا نکات اور تجاویز کی اصولی منظوری دی جن میں عبدالاحد آزاد چیئر کے قیام اور این اِی پی ۔2020کے تحت یو جی سی رہنمااَصولوں کے مطابق پوسٹ گریجویٹ نصابی فریم ورک کو اپنانے کی منظوری شامل ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کلسٹر یونیورسٹی سرینگر کو ہدایت دی کہ وہ تعلیمی معیار اور طلبأ کی فلاح و بہبود کو مضبوط بنانے کے لئے ہدفی اصلاحات عملائے ۔ اُنہوں نے یونیورسٹی کو مزید ہدایت دی کہ اِنتظامی نظام کو جدید بنانے اور کارکردگی میں بہتری کے لئے ای۔آفس سسٹم کو مکمل طور پر عملایا جائے۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ یونین ٹیریٹری کی تمام یونیورسٹیوں میں غیر تدریسی عہدوں کے لئے بھرتی کے قواعد میں یکسانیت ہونی چاہیے تاکہ شفاف اور منظم عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کلسٹر یونیورسٹی سری نگر کو’’ وِکست بھارت یووا کنیکٹ ‘‘اور دیگر قومی یکجہتی پروگراموں کے تحت نوجوانوں کی زیادہ شمولیت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت بیداری مہمات کو مزید تیز کرنے پر بھی زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کو معاشرے کے تئیں اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے اور منشیات کے ناسور کے خلاف جدوجہد میں پیش پیش رہنا چاہیے۔‘‘وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی سری نگر پروفیسر محمد مبین نے یونیورسٹی کی پیش رفت کی رپورٹ پیش کی۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار نے کونسل کے سامنے مختلف ایجنڈا نکات رپورٹ، غور و خوض اور توثیق کے لئے پیش کئے۔