تھنہ منڈی// تعلیمی زون تھنہ منڈی کے نویں جماعت سے لیکر بارہویں جماعت کے طلباکے لئے محکمہ اسکول ایجوکیشن کی طرف سے کوچنگ کا اہتمام کیا گیاجس میں سائنس اور انگلش کے علاوہ دیگر مضمون بھی پڑھائے جائیں گے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی طرف سے زون تھنہ منڈی کے تمام اسکولوں کے نویں،دسویں،گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ و طالبات کے لئے کوچنگ کلاسز کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ طلباء گرمیوں کی تعطیلات میں وقت ضائع کئے بغیر اپنی پڑھائی جا ری رکھ سکیں۔یہ سلسلہ گزشتہ سال سے شروع ہواتھاجس کو اس سال بھی جاری رکھاگیاہے۔گورنمنٹ گرلز ہائر اسکنڈری اسکول تھنہ منڈی کے پرنسپل اور انچارج زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی محمد صدیق گنائی نے بتا یا کہ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں اور چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری کی ہدایت پر گرلز ہائر اسکنڈری اسکول تھنہ منڈی میں یکم جون سے نویں سے بارہویں جماعت کے بچوں کے لئے کوچنگ کلاسز کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ اسکولی اوقات میں تمام مضمون پڑھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی کوچنگ کلاسز کا اہتمام کیا گیا تھا جس۔سے زون کے کافی بچوں کو فائیدہ پہنچا تھا۔انہوںنے کہا کہ ان کلاسز سے سرکاری اسکولوں کے امتحانی نتائج میں بہتری ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے پاس تعلیم یافتہ استاد موجود ہیںجن کی قابلیت سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ صدیق گنائی نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کانام کوچنگ کیلئے درج کرائیں اور ان کی پڑھائی کو تعطیلات میں بھی جاری رکھاجائے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گرمائی تعطیلات کا اعلان کیاگیاہے جبکہ تھنہ منڈی میں اتنی زیادہ گرمی نہیں پڑتی۔ تھنہ منڈی کے لوگوں نے کہاہے کہ زون میں موسم بالکل معتدل ہے اس لئے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہئے ۔راجوری ڈیولپمنٹ فورم کے صدر شوکت احمد شال کا کہنا ہے کہ سرکار کو اس فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ سرکار کو چاہئے کہ زون تھنہ منڈی میں برسات کے موسم میں تعطیلات کرنی چاہیے جب ندی نالوں میں پانی زیادہ ہوتا ہے اور اسکولوں میںبچوں کی تعداد کم ہوتی ہے۔