یواین آئی
واشنگٹن// امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار کسی جدید فوج کو اتنی تیزی اور بھرپور طاقت کے ساتھ شکست دی گئی ہے۔امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے ایران کے خلاف جاری حالیہ فوجی کارروائیوں پر اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار کسی جدید فوج کو اتنی تیزی اور بھرپور طاقت کے ساتھ شکست دی گئی ہے۔پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس ایک جدید فوج، مضبوط فضائی دفاعی نظام، مستحکم قیادت اور بڑے زیرِ زمین بنکرز موجود تھے، لیکن پہلے ہی دن سے ایران کو ایک ایسی بے مثال فوجی طاقت کا سامنا کرنا پڑا جس نے اسے سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکا اور اسرائیل کی یہ مشترکہ فضائی کارروائی فوجی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔امریکی وزیرِ جنگ نے واضح کیا کہ یہ جنگ ماضی کی عراق یا افغانستان کی جنگوں جیسی نہیں ہے، بلکہ اس کا ہدف بالکل واضح اور متعین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اس وقت بموں کے ذریعے مذاکرات کر رہا ہے اور اس پوری مہم کا بنیادی مقصد ایسے حالات پیدا کرنا ہے کہ ایران کبھی بھی جوہری صلاحیت حاصل نہ کرسکے۔