محتشم احتشام
پونچھ//فوج کی 93 انفینٹری بریگیڈ پونچھ نے تائیکوانڈو کے ان باصلاحیت کھلاڑیوں کو اعزاز سے نوازا جنہوں نے جنوبی کوریا کے عالمی ادارے سے بلیک بیلٹ ٹیسٹ کامیابی کے ساتھ پاس کیا۔ اس تقریب کا انعقاد نوجوان کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور شاندار کارکردگی کو سراہنے کے لیے کیا گیا۔تقریب میں شریک کھلاڑیوں نے اپنی غیر معمولی لگن اور مسلسل محنت کے ذریعے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ پونچھ جیسے سرحدی علاقے کا نام بھی روشن کیا۔ان کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مشکل حالات کے باوجود علاقے کے نوجوان کھیلوں میں نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں۔
ان کھلاڑیوں کی کامیابی میں کوچ راجندر سنگھ کا کلیدی کردار رہا، جو پونچھ میں تائیکوانڈو کے بانی بھی ہیں۔ان کی زیر نگرانی ضلع میں متعدد قومی سطح کے میڈلسٹ تیار ہوئے، جس سے جموں و کشمیر میں کھیلوں کے فروغ کو نئی جہت ملی ہے۔ان کی تربیت اور رہنمائی نے نوجوانوں کو نہ صرف کھیل کے میدان میں بلکہ نظم و ضبط اور خود اعتمادی کے حوالے سے بھی مضبوط بنایا ہے۔تقریب کے دوران فوج کے سینئر افسران نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ فوج آئندہ بھی نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ضلع پونچھ تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کی صدر سریندر پریانکا سنگھ اور کوچ راجندر سنگھ نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فوج کی مسلسل حوصلہ افزائی اور تعاون سے علاقے کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔فوج نے اس موقع پر ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرحدی علاقوں میں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور انہیں قومی تعمیر میں شامل کرنے کے لیے کھیلوں کو بطور مؤثر ذریعہ استعمال کیا جاتا رہے گا۔