پونچھ //آل انڈیا سنی یوتھ ونگ کے صوبائی صدر اعجاز احمد مدنی نے کہاکہ تنظیم عرصہ دراز سے ریاست میں شراب و منشیات کے خاتمے کا مطالبہ کرتی آرہی ہے،سرکاری و غیر سرکاری سطح پر بھی اگر چہ اس مہلک بدعت کے خاتمے کے لئے بیانات آتے رہتے ہیںلیکن خالی بیانات سے اس کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں،بیانات کے ساتھ ساتھ اس حساس مسئلے پر سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر ہر ایک کو سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے۔یہاں جاری ایک بیان کے مطابق اُنہوں نے کہاکہ جہاں سرکار نشہ خوری کی بدعت کے خاتمے کی بات کر تی ہے وہیں ببانگِ دہل شراب سے حاصل آمدنی اور منافع پر نازاں ہے۔اُنہوں نے کہا کہ گجرات اور بہار جیسی ر یا ستوں سے اسمبلی میں بیٹھے لو گوں کو سبق حاصل کرنا چاہیے کہ کس طرح اُنہوں نے اپنی ریاستوں کولیکور فری قرار دیا۔اُنہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر مسلم اکثریت والی ریاست ہے وہیں عالمِ اسلام میں سر زمینِ اولیاء کے نام سے بھی موسوم ہے اس لئے اس ریاست کو شراب و منشیات سے پاک و صاف کرنا جہاں مذہبی معاملہ ہے وہیں انسانیت اور اخلاقیات کا مسئلہ بھی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ نشہ خوری کی بدعت سرکار کی لا پرواہی کی ہی بنیادی وجہ ہے۔مدنی نے کہا کہ ماہِ صیام کی آمد آمد ہے اور ریاست جموںو کشمیر کا ضلع پونچھ نوے فیصد مسلم آبادی پر مشتمل ہے اس لئے یہاں شراب نام کی کسی بھی چیز کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے ریاستی وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی کہ جیسے بہار کو شراب سے پاک کر دیاگیا ویسے ہی جموں و کشمیر سے اس خباثت کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بالخصوص ضلع پونچھ میں شراب پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔اعجاز مدنی نے ضلع پونچھ کی انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ ماہِ رمضان کی آمد کا احترام کرتے ہوئے پونچھ میں شراب پر مکمل طور پر پابندی لگائی جائے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کے مذہبی جذبات کی قدر کرتے ہوئے حکومت گائے کے گوشت پر پورے ملک میں پابندی لگاسکتی ہے تو اسی طرح دوسروں کے مذہبی جذبات کی بھی قدر کرتے ہوئے شراب پر بھی مکمل طور پابندی لگانی چاہئے ،اگر دوسروں کے مذہبی جذبات کی حکومت کو زیادہ فکر ہے تو مسلمانوں کے مذہبی جذبات کی بھی قدر کرنا بھی حکومت کا فریضہ بنتا ہے کیونکہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے یہاں پر سبھی مذاہب کے ماننے والوں کو آئین نے برابرحقوق دئے ہوئے ہیں۔مدنی نے ڈپٹی کمشنر پونچھ ہارون ملک سے بھی اپیل کی کہ ضلع میں شراب پر مکمل پابندی عائد کی جائے تاکہ ضلع کے امن و امان میں کوئی خلل نہ آنے پائے اور خاص کر ماہِ رمضان میں پونچھ شہر میں شراب کی کوئی بھی دوکان کھلی ہوئی نہیں ہو نی چاہیے ۔