ایجنسیز
لکھنو//وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ بی جے پی کو فخر ہے کہ اس کی حکومت کو “دفعہ 370 کی دیوار کو گرانے” کا موقع ملا۔مودی نے یہ بات سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے 101ویں یوم پیدائش پر لکھنو میں راشٹر پریرنا اسٹال کا افتتاح کرنے کے بعد کہی۔ افتتاح کے بعد ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بی جے پی کو فخر ہے کہ ہماری حکومت کو دفعہ 370 کی دیوار گرانے کا موقع ملا۔مودی نے کہا کہ ہماری حکومت میں جموں کشمیر کو ایک نئی راہ ملی۔ انکا کہنا تھا کہ تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوا، ملی ٹینسی اور علیحدگی پسندی کاخاتمہ ہوا ، بے روزگاری پر قابو پایا گیا اور کشمیر میں سیاحت کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا ۔انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے ذریعہ تشکیل دی گئی گڈ گورننس کی وراثت کو اب مرکز اور ریاست دونوں سطحوں پر نئی بلندیوں پر لے جایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا”ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ کس طرح آزادی کے بعد، ہر مثبت کامیابی کو ایک خاندان سے منسوب کرنے کا رجحان پیدا ہوا،” انہوں نے کہا۔انہوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے تقریباً 25 کروڑ لوگوں کو سماجی تحفظ کی سکیموں کے تحت کور کیا جاتا تھا جبکہ آج یہ تعداد بڑھ کر 95 کروڑ ہو گئی ہے۔