محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچ کے صدر مقام پر راج گرو سکھ دیو سنگھ اور بھگت سنگھ جیسے عظیم انقلابی رہنمائوں کے یومِ شہادت کے موقع پر ایک پْروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، سماجی کارکنان، طلبہ اور معززینِ علاقہ نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد بھگت سنگھ کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ان کے انقلابی نظریات کو نئی نسل تک منتقل کرنا تھا۔تقریب کے دوران مقررین نے بھگت سنگھ کی جدوجہدِ آزادی، بے مثال جرات اور برطانوی سامراج کے خلاف ان کی قربانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
مقررین نے کہا کہ بھگت سنگھ نے محض 23 برس کی عمر میں اپنی جان وطن پر نچھاور کر کے تاریخ میں امر مقام حاصل کیا اور وہ آج بھی حریت، جرات اور قربانی کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ بھگت سنگھ کا پیغام صرف ایک دور تک محدود نہیں بلکہ آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ان کے نظریات سے سبق حاصل کریں اور معاشرے میں انصاف، برابری اور حق کے لیے آواز بلند کریں۔تقریب کے دوران طلبہ نے بھگت سنگھ کی زندگی اور جدوجہد پر مبنی تقاریر، نظمیں اور خاکے پیش کیے، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ مقررین نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے نہ صرف تاریخ سے آگاہی ملتی ہے بلکہ نوجوانوں میں قومی شعور اور حب الوطنی کے جذبات بھی بیدار ہوتے ہیں۔ منتظمین نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس طرح کی تقریبات منعقد کی جائیں گی تاکہ عظیم شخصیات کی قربانیوں کو زندہ رکھا جا سکے اور ان کے پیغام کو عام کیا جا سکے۔