فالتا حلقے کا الیکشن رد، 21مئی کو دوبارہ پولنگ
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //مغربی بنگال کی دو اسمبلی سیٹوں کے 15 بوتھوں پر کل دوبارہ پولنگ ہوئی۔ مگرہاٹ ویسٹ اسمبلی سیٹ کے 11 بوتھس اور ڈائمنڈ ہاربر اسمبلی سیٹ کے چار بوتھس پر دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے، دونوں ہی جنوبی 24 پرگنہ ضلع میں واقع ہیں۔ مغربی مگرہاٹ اور ڈائمنڈ ہاربر اسمبلی حلقوں میں دوبارہ پولنگ کے چند گھنٹوں کے اندر، الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے سنیچر کی شام کو جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے فالتا اسمبلی حلقہ کے تمام پولنگ بوتھوں پر 29 اپریل کو ہوئی ووٹنگ کے دوران “سنگین انتخابی جرائم” کا حوالہ دیتے ہوئے الیکشن کو رد کر دیا اور نئے انتخابات کرانے کا حکم دیا۔ای سی آئی کے حکام کے مطابق فالتا کو چھوڑ کر مغربی بنگال کے تمام اسمبلی حلقوں میں چار مئی کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ کمیشن نے کہا کہ اس حلقے (فالتا) میں 29 اپریل کو ہونے والی پوری پولنگ منسوخ کر دی گئی ہے اور 21 مئی کو دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔