جموں //اپنی پارٹی نائب صدر ظفر اقبال منہاس نے حکومت ِ ہند سے گذارش کی ہے کہ بلا تاخیر جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیاجائے اور جلد سے جلد اسمبلی انتخابات کرائے جائیں۔ اپنی پارٹی دفتر گاندھی نگر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاس نے کہاکہ اسٹیٹ ہڈ بحالی میں مزید تاخیرلوگوں کی مشکلات میں اضافہ کرے گی جوکہ موجودہ صورتحال میں بے یارومددگار ہیں۔انہوں نے کہا’’وقت آگیا ہے کہ ریاستی درجہ بحال کر کے جتنا جلدی ممکن ہوسکے جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کرائے جائیں‘‘ ۔منہاس نے کہاکہ سابقہ حکومتوں چاہئے جموں وکشمیر یا دہلی نے ہمیشہ سابقہ ریاست جموں وکشمیر کے دونوں خطوں میں دراڑ پیدا کر کے رکھی۔انہوں نے کہا’’اپنی پارٹی نے دونوں خطوں کے لوگوں کو ایکدوسرے کے قریب لانے کا عہد کیا ہے، ہم کوامن وترقی کے لئے اختلافات کو کم سے کم کرنا ہے‘، ہم سب کو مل کر امن اور خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہئے‘‘۔ انہوں نے مزید کہاکہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے لوگوں کے اراضی اور ملازمتوں کے حقوق کے تحفظ کی وعدہ بند ہے۔