پونچھ // راولاکوٹ براستہ چکاں دا باغ ہر سوموار کو جانے والی بس سروس مسلسل دوسرے ہفتے بھی معطل رہی جس کی وجہ سے کئی مسافردرماندہ ہوکر رہ گئے ہیں ۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتہ بھی حالات کے ناسازگار ہونے کی وجہ سے کاروانِ امن نہیں چلائی گئی تھی جب فائرنگ میں چکاں دا باغ ٹریڈ فیسلٹیشن سنٹر کو نقصان پہنچا تھا۔ پیر کے روز بھی بھاری گولہ باری کی وجہ سے آر پار بس سروس نہیں چلائی جا سکی جس کے نتیجہ سے درماندہ مسافروں کی تعداد 51ہو گئی ہے ۔ سرکار ی ذرائع نے بتایا کہ بس سروس کی بحالی کے بارے میں آر پار کے حکام کے درمیان کوئی رابطہ نہ ہوا۔ ٹی ایف سی افسر تنویر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پاکستان زیر انتظام کشمیر سے آئے ہوئے 51مسافروں کی روانگی متوقع تھی لیکن سرحدی کشیدگی کی وجہ سے وہ گھروں کو نہیں جا سکے ۔