سرینگر// عارضی ملازمین کی مستقلی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بدھ کوپریس انکلیو سرینگر میں احتجاج کیا ۔ ایجیک دھڑے کے صدر محمد رفیق کی سربراہی میں ملازم لیڈرشپ پریس کالونی میں جمع ہوئی اور مختلف سرکاری محکموں میں کام کر رہے61ہزار عارضی ملازمین کو باقاعدہ بنانے اور کم سے کم اجرت ایکٹ کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔محمد رفیق نے اس موقع پر کہا’’61ہزار عارضی ملازمین جن میں ڈیلی ویجر،کیجول لیبر ، ایڈہاک ، عطیہ دہندگان ، تعلیمی انتظامات کو مستقل کیا جانا چاہئے کیونکہ وہ سخت ترین مشکلات میں مبتلا ہیں اور حکومت اس انسانی مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ یہ ملازمین فاقہ کشی کا شکار ہوگئے ہیںاور انہیں معمولی اجرت بھی نہیں دی جاتی ہے۔انہوںنے کہا کہ چوبیس گھنٹے اپنی ڈیوٹی انجام دینے والے ملازمین کی اتنی بڑی تعداد کو نظرانداز کیا جارہا ہے اور ان افراد کے ساتھ ایسا سلوک کیا جارہا ہے جس سے حکومت کی فلاحی پالیسیوں پر سوالیہ نشان لگ رہا ہے۔ایجیک صدرنے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے ان تمام ملازمین کو مستقل کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو وہ سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہوجائیں گے۔ احتجاجی مظاہرین میںشبیر احمد لانگو ، خورشید احمد بٹ ، وجاہت درانی ، فاروق احمد خان ، نذیر احمد خان ، لطیف احمد ملک ، شبیر احمد بٹ اور دیگر لوگ بھی موجود تھے۔