محمد تسکین
بانہال // خراب موسمی حالات اور جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ کی معطلی کے پیش نظر، جموں ریلوے ڈویژن نے پھنسے ہوئے مسافروں کی سہولت کے لیے جمعرات اور جمعہ کیلئے بانہال اور کٹرہ کے درمیان خصوصی ٹرین سروس شروع کی ہے۔شمالی ریلوے حکام نے شام کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایک خصوصی ٹرین جمعرات اور جمعہ یعنی 9 اور 10 اپریل کو دوپہر 2:00 بجے بانہال سے روانہ ہوگی، جبکہ ایک اور ٹرین صبح 10:10 بجے کٹرہ سے بانہال کے لیے چلے گی تاکہ جموں سرینگر قومی شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے بڑھتے ہوئے مسافروں کے رش کو کم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹرینیں صرف ریاسی اور سنگلدان سٹیشنوں پر محدود وقت کیلئے رکا کرینگی۔