بانڈی پورہ //ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے جمعرات کو ضلع میں مشن یوتھ کے تحت ڈی پی آر، پروجیکٹوں اور تجاویز کی تشکیل کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔اجلاس میں جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ امتیاز احمد، یوتھ کلبوں کے نمائندوں کے علاوہ ضلع کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ،ماہرین کے علاوہ نوجوان رضاکاروں سے تجاویز طلب کی گئیں۔ بتایا گیا کہ مشن یوتھ کے تحت ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تجویز کردہ متعدد منصوبے لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرنے کے علاوہ نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے لیے پلیٹ فارم مہیا کریں گے۔افسران نے بتایا کہ ضلع میں ایک یوتھ فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کرنے کی تجویز ہے جس میں لائبریری، تفریحی مرکز، انڈور کھیل کے میدان وغیرہ شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ سول سروسز کی کوچنگ اور انڈر مسابقتی امتحانات کے لیے کوچنگ بھی مشن کے تحت کروائی جائے گی اور اس سلسلے میں ایک تفصیلی پروجیکٹ مرتب کیا جائے گا۔اجلاس میں مشن یوتھ کے تحت کھیلوں کے میدانوں کی ترقی اور کھیلوں کی کٹس کی تقسیم سمیت کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی پر بھی بات چیت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر اویس احمد نے افسران پر زور دیا کہ وہ سول سوسائٹی کے اراکین کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ مزید ضروری کارروائی کے لیے جلد از جلد پراجیکٹس تجویز کئے جا سکیں۔