سمت بھارگو
راجوری//جدید سائنسی بنیادوں پر تفتیشی نظام کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے نیشنل فارنسک سائنس یونیورسٹی (این ایف ایس یو) نے دو پہیہ گاڑی یعنی موٹر سائیکل پر مبنی موبائل فارنسک لیبارٹری تیار کرنے کے لئے ایک منفرد تحقیقی منصوبہ شروع کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دور دراز علاقوں میں جائے واردات پر فوری فارنسک سہولیات فراہم کرنا ہے۔یہ تحقیق اس وقت شروع کی گئی جب یونیورسٹی کی جانب سے چار پہیہ گاڑی پر مبنی فارنسک لیبارٹری کامیابی کے ساتھ تیار کی جا چکی ہے، جنہیں مختلف ریاستی اداروں کے ذریعے استعمال میں لایا جا رہا ہے۔
جموں و کشمیر پولیس میں اب تک ایسی 23 موبائل فارنسک لیبارٹریاں فراہم کی جا چکی ہیں۔پی آئی بی جموں اور پی آئی بی گجرات کے اشتراک سے منعقدہ میڈیا دورے کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جے ایم ویاس نے کہا کہ نئے فوجداری قوانین خصوصاً بھارتیہ نگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس) کے نفاذ کے بعد سنگین جرائم میں جائے وقوعہ پر فارنسک ماہر کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے، جس سے فارنسک خدمات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف ملک میں فارنسک ماہرین کی کمی ہے جبکہ دوسری جانب فیلڈ ٹیموں کے پاس محدود موبائل سہولیات موجود تھیں۔ یونیورسٹی نہ صرف نئے کورسز کے ذریعے ماہرین کی کمی کو پورا کرنے پر کام کر رہی ہے بلکہ جدید تحقیقی منصوبوں کے ذریعے زمینی سطح پر تفتیشی عمل کو تیز اور مؤثر بنانے کی کوشش بھی جاری ہے۔ڈاکٹر ویاس کے مطابق موٹر سائیکل پر تیار کی جانے والی فارنسک لیب خاص طور پر اْن علاقوں میں انتہائی مفید ثابت ہوگی جہاں سڑک رابطہ محدود ہے اور بڑی گاڑیوں کی رسائی ممکن نہیں ہوتی۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ایس او جنارے اور دیگر ماہرین نے بتایا کہ چار پہیہ فارنسک لیبارٹری جدید آلات سے لیس ہے، جس میں گن شاٹ ریزیڈیو کی جانچ، منشیات کی شناخت، تھری ڈی فارنسک فوٹوگرافی اور موقع پر ہی شواہد کے تجزیے کی سہولت موجود ہے۔ گاڑی چاروں اطراف سی سی ٹی وی نگرانی سے بھی لیس ہے تاکہ ہر وقت نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق جموں و کشمیر میں ان لیبارٹریوں کی فراہمی جاری ہے اور مستقبل میں مزید گاڑیوں کی خریداری کا فیصلہ ریاستی حکومت اور پولیس کی ضرورت کے مطابق کیا جائے گا۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ جدید فارنسک نظام جرائم کی تفتیش میں شفافیت اور رفتار دونوں کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گا۔