عظمیٰ نیوزسروس
جموں//آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز جموں نے اپنے نئے ایم بی بی ایس بیچ کا فریشرز ڈے تقریب کے ساتھ استقبال کیا، جو طلبہ کے لیے ایک اہم تعلیمی اور پیشہ ورانہ سفر کے آغاز کی علامت ہے۔تقریب کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر (ڈاکٹر) ڈی این شرما، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سی ای او، ایمزجموں نے نئے طلبہ کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور انہیں ملک کے ممتاز اداروں میں داخلہ لینے پر مبارکباد دی۔اپنے خطاب میں پروفیسر شرما نے کہا کہ میڈیکل صرف ایک پیشہ نہیں، بلکہ خدمت، اخلاقیات اور مسلسل سیکھنے کے لیے زندگی بھر کا عزم ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کو خلوص، نظم و ضبط اور عاجزی کے ساتھ اپنائیں اور ہر وقت مریض کی بھلائی کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی مہارت کے ساتھ ہمدردی، مؤثر رابطہ اور اخلاقی رویہ بھی ضروری ہے۔پروفیسر شرما نے طلبہ کی ہمہ جہت ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیمی، کلینیکل، تحقیقی اور ضمنی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں تاکہ مکمل تربیت یافتہ اور متوازن میڈیکل پروفیشنلز بن سکیں۔ انہوں نے طلبہ کو ایمزجموں کے جدید انفراسٹرکچر، تجربہ کار فیکلٹی اور تعلیمی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کی ہدایت کی۔