جموں//اپنی پارٹی نے جموں دفتر گاندھی نگر میں منعقدہ تقریب کے دوران بنیادی ممبر شپ مہم کا آغاز کیا۔ اس کی شروعات سنیئر لیڈران نائب صدر اعجاز احمد خان، چوہدری ذوالفقار علی اور ظفر اقبال منہاس کے علاوہ جنرل سیکریٹری وجے بقایہ، صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ، صوبائی صدر خواتین ونگ نمرتہ شرما، صوبائی نائب صدر سید اصغر علی اور دیگر لیڈران نے کی۔ اس موقع پر بولتے ہوئے نائب صدر اعجاز احمد خان نے کہاکہ پانچ اگست 2019کے بعد جب دیگر سیاسی جماعتوں نے خاموشی اختیار کرنے کو ترجیح دی ، تب اپنی پارٹی لوگوں کی نمائندگی کے لئے وجود میں آئی۔انہوں نے کہا’’ہم نے جمہوری عمل میں لوگوں کی شمولیت کی غرض سے ممبرشپ لانچ کی ہے، ہمیں یقین ہے کہ جموں وکشمیر بھر میں ممبر شپ مہم ہرپنچایت، گاؤں، تحصیل اور ضلع سطح تک پہنچے گی‘‘۔انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ نائب صدر اپنی پارٹی چوہدری ذوالفقار علی نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ مقامی افسران کو انتظامیہ اور پولیس محکمہ میں ترجیحی دی جائے کیونکہ غیر مقامی لوگوں کو درپیش مشکلات ومسائل سے واقف نہیں ہیں۔ نائب صدر ظفر اقبال منہاس نے کہاکہ پارٹی جموں وکشمیر کے اندر مضبوط جمہوری اداروں اور اسمبلی انتخابات کے انعقاد سے جمہوری عمل کی بحالی چاہتی ہے۔ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات میں مزید کوئی تاخیر نہ کی جائے۔