ایسے اقدامات کا ’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کو تقویت دینے میں اہم کردار:منوج سنہا
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں وکشمیرکے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آپریشن سدبھاونا کے تحت جموں و کشمیر انٹیگریشن ٹوریعنی باہمی جوڑسفر کے ایک حصے کے طور پر جموں کا دورہ کرنے والے آرمی گڈ ول اسکول ، سوجیان پونچھ کے طلبہ سے جمعہ کو بات چیت کی۔ وائٹ نائٹ کور کے آؤٹ ریچ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر منعقد کئے جانے والے اس دورے کا مقصد دُور دراز سرحدی علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کی قومی یکجہتی اور ہمہ گیر ترقی کو فروغ دینا ہے۔لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے سرحدی علاقوں میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے ہندوستانی فوج کے مسلسل عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے اقدامات نوجوان ذہنوں کی پرورش اور ’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔33کم عمر طلباء وطالبات پر مشتمل دستہ جس میں اساتذہ اور آرمی کے جوان بھی شامل تھے، نے دورے سے متعلق اپنے ذاتی تجربات بھی بتائے۔اس دورے کا بنیادی مقصد سرحدی دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو روشناس کرانا اور ملک کے ثقافتی، سماجی اور ادارہ جاتی فریم ورک کے بارے میں ان کی سمجھ کو وسیع کرنا ہے، جبکہ اعتماد اور تعلق کے احساس کو فروغ دینا ہے۔سفر کے پروگرام میں پونچھ، راجوری، جموں اور سری نگر کا دورہ شامل تھا، جہاں طلباء وطالبات کو متنوع ماحول اور اداروں سے روشناس کرایا گیا۔اس دورے میں پہلی بار کے کئی تجربات بھی شامل ہیں، جن میں سری نگر کا ریل کا سفر اور شاپنگ کمپلیکس، ایئر فورس سٹیشن، جموں جیسی شہری ترتیبات اور آرمی کے طرز زندگی سے ان کے نقطہ نظر اور اعتماد کو نمایاں طور پر وسیع کرنے کی نمائش شامل ہے۔