لکھنؤ// اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اتراکھنڈ میں نندا دیوی گلیشیر کا ایک حصہ رشی گنگا ندی پاور پروجیکٹ کے ڈیم پر گرنے سے الکانندا ندی میں آبی سطح اچانک بڑھ گئی ہے۔ باندھ ٹوٹنے سے پیدا ہونے والے حالات کے پیش نظر اترپردیش میں دریائے گنگا کے کنارے واقع اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست میں گنگا کے کنارے واقع اضلاع کے تمام مجسٹریٹ / سپرنٹنڈنٹ کو مستقل نگرانی کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے حکومت اترپردیش نے ایس ڈی آر ایف کو بھی الرٹ کردیا ہے۔ ریاست میں گنگا کے کنارے واقع اضلاع میں پانی کی سطح کی مستقل نگرانی کی جارہی ہے۔ پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کی صورت میں ضرورب پڑنے پر گنگا ندی کے کنارے رہنے والے لوگوں کو دوسرے مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔ راحت اور بچاؤ کے لئے ہدایات دی گئی ہیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ بحران کی اس گھڑی میں حکومت اترپردیش اتراکھنڈ کی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ اتراکھنڈ کی حکومت کو ضرورت پڑنے پر تمام ضروری مدد فراہم کی جائے گی۔وزیر اعلی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی طرح کی افواہوں پر بھروسہ نہ کریں اور نہ ہی افواہ پھیلائیں۔ لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ندی کے کنارے نہیں جانا چاہئے۔ کسی بھی طرح کی ناخوشگوار صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں ضلع انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
کانگریس کارکنان متاثریں تک پہنچیں :سونیا گاندھی
نئی دہلی //کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق صدر راہل گاندھی نے اتراکھنڈ کے چمولی میں گلیشیئر ٹوٹنے سے آئے سیلاب کے سبب ہوئی تباہی پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے تئیں گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔ گاندھی نے کہا ’’اتراکھنڈ میں گلیشیئر ٹوٹنے کے سبب آئے سیلاب اور تباہی کی خبر افسوسناک اور باعث تشویش ہے۔ میں خدا سے سبھی کے محفوظ ہونے کی تمنا کرتی ہوں اور کانگریس کارکنان نیز انتظامیہ سے لوگوں کو راحت اور مدد دینے کی درخواست کرتی ہوں۔ کانگریس پارٹی دکھ کی اس گھڑی میں اتراکھنڈ کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے‘‘۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’چمولی میں گلیشیئر پھٹنے سے سیلاب کی تباہی کافی اندوہناک ہے۔ میری تعزیت اتراکھنڈ کے عوام کے ساتھ ہیں۔
نائیڈو تباہی سے غم زدہ
نئی دہلی // نائب صدر ایم وینکیانائیڈو نے اتراکھنڈ کے چمولی میں برفافی تودے گرنے سے ہوئی تباہی پر گہرے رنج وغم کو اظہارکیا ہے۔ نائیڈو نے اتوار کو یہاں ایک ٹویٹ میں کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور انتظامیہ راحت اور بچاو کی ہرممکن کوشش کررہی ہے۔ نائیڈو نے کہا،’’اتراکھنڈ کے چمولی میں گلیشیئر ٹوٹنے اور اچانک سیلاب سے ہوئے جان مال کے نقصان کے بارے میں جان کرپریشان ہوں۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور انتظامیہ راحت اور بچاو کی ہرممکن کوشش کررہی ہے۔ حادثہ سے متاثرہ علاقے میں رہنے والوں کی حفاظت کے لئے خداسے دعاگو ہوں۔(یو این آئی )
نتیش کمار کی وزیراعلیٰ سے ٹیلی فون پر بات
یو این آئی
پٹنہ // وزیر اعلی نتیش کمار نے اتراکھنڈ آفت کے بارے میں اتراکھنڈ کے وزیراعلی تروندرسنگھ راوت سے ٹیلیفون پر گفتگو کرکے حقیقی صورتحال کی جانکاری لی۔گفتگو کے وقت اتراکھنڈ کے وزیر اعلی جائے وقوع پر ہی موجودتھے۔وزیراعلی نتیش کمار نے اتراکھنڈ کے وزیراعلی تروندرسنگھ راوت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ جلدہی حالات پر قابو پانے میں کامیاب ہوں گے۔آفت کی اس گھڑی میں ہم لوگ آپکے ساتھ ہیں۔