خصوصی سٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کے نئے باب کا آغاز
یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور جاپان نے خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کے ایک نئے باب کا آغاز کرتے ہوئے اقتصادی سلامتی، دفاع، مصنوعی ذہانت ، ٹیکنالوجی، توانائی کے تحفظ اور صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے جمعرات کو کئی معاہدوں پر دستخط کیے اور متعدد اہم اقدامات کا اعلان کیا۔ مودی نے ہندوستان کے تین روزہ دورے پر آئی جاپان کی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی کے ساتھ یہاں ہندوستان-جاپان سالانہ سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ موجودہ عالمی اتھل پتھل کے ماحول میں باہمی اعتماد ہمارا سب سے بڑا اسٹریٹجک سرمایہ ہے۔ وزیر اعظم نے ایک آزاد، خوشحال اور اصولوں پر مبنی ہند-بحرالکاہل خطے کو ہندوستان اور جاپان کی مشترکہ ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان معاہدوں اور اقدامات سے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جاپان نے گزشتہ کئی دہائیوں میں آٹوموٹیو سے لے کر الیکٹرانکس تک، ہندوستان کے ترقیاتی سفر کا اہم شراکت دار بن کر دوستی اور اعتماد کا ایک انمول سرمایہ بنایا ہے۔ اب اسے آگے بڑھاتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اتفاق ہوا ہے کہ جاپان اگلے دس سال میں ہندوستان میں 100 کھرب ین کی سرمایہ کاری کرے گا اور ہندوستان میں سرگرم جاپانی کمپنیوں کی تعداد دوگنی ہو جائے گی۔ دونوں ممالک نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے اور معاہدے بھی کیے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وزیر اعظم تاکائیچی اور ان کا ماننا ہے کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت داری ہمارے تعاون کا سب سے مضبوط ستون بنے گی۔ اسی نقطہ نظر کو عملی جامہ پہنانے کے لیے، آج ہم نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی اے آئی ایکو سسٹم کے کئی بڑے اداروں نے بھی آج اپنے جاپانی شراکت داروں کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔ جاپان کی درست ٹیکنالوجی اور ہندوستان کی سافٹ ویئر کی صلاحیت کا ملاپ عالمی اے آئی کی ترقی کو نئی رفتار اور طاقت دے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ دفاع کے شعبے میں آج ہم نے ہندوستان اور جاپان کے پہلے مشترکہ ترقیاتی پروجیکٹ پر دستخط کیے ہیں۔ نیول ریڈیو اینٹینا کا یہ پروجیکٹ ہماری دفاعی ٹیکنالوجی کی شراکت داری میں ایک نیا باب شروع کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم ایسی دفاعی ٹیکنالوجیز مل کر تیار کریں گے جو علاقائی امن، بحری سلامتی اور اصولوں پر مبنی نظام کو مضبوط کریں گی۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان-جاپان سرمایہ کاری شراکت داری مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ ایک سال میں 100 سے زیادہ نئے تجارتی معاہدے ہوئے ہیں اور ہندوستان میں 10 ارب ڈالر سے زیادہ کی جاپانی سرمایہ کاری آئی ہے۔ آج مالیاتی خدمات کی ایجنسیوں کے درمیان معاہدے سے سرمائے اور سرمایہ کاری کا بہاؤ مزید آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا، “ہمارا ہدف واضح ہے- اگلے 10 سال میں جاپان سے ہندوستان میں 100 کھرب ین کی سرمایہ کاری، اور ہندوستان میں جاپانی کمپنیوں کی تعداد کو دوگنا کرنا۔”اس سے قبل جاپان کی وزیر اعظم کا راشٹرپتی بھون میں رسمی استقبال کیا گیا۔