عظمیٰ نیوز سروس
اودھم پور//ضلع اودھم پور کے گھورڈی علاقے میں ہفتہ کی صبح ایک 45 سالہ شخص کی لاش پْراسرار حالات میں درخت سے لٹکی ہوئی برآمد ہونے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق متوفی کی شناخت مْلک راج کے طور پر کی گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے صبح کے وقت درخت سے لٹکی ہوئی لاش دیکھی جس کے بعد فوراً پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس ٹیم نے جائے وقوعہ کو اپنے گھیرے میں لے کر ابتدائی کارروائی انجام دی اور شواہد اکٹھا کئے۔پولیس حکام نے بتایا کہ لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کیلئے متعلقہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔ حکام کے مطابق اس واقعے کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ابھی کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ خودکشی ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ کارفرما ہے، اس کا پتہ تفصیلی تحقیقات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی چل سکے گا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پائی جا رہی ہے جبکہ مقامی لوگ اس افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کر رہے ہیں۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس معاملے سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو وہ تفتیش میں تعاون کریں تاکہ سچائی سامنے آ سکے اور واقعے کی وجوہات کا بروقت انکشاف ہو سکے۔