اننت ناگ//ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے کہا ہے کہ انتظامیہ نے تارکین وطن( مہاجرین) کے مسائل حل کرنے کیلئے نمایاں اقدامات کئے ہیں ، ان کی شکایتیں آن لائن پورٹل یا آف لائن موڈ کے ذریعے درج کی گئی ہیں۔ڈاکٹر سنگلا نے کہا کہ ریونیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ نقل مکانی کرنے والوں کی زمین اور جائیداد سے متعلق شکایات کو جوش اور عزم کے ساتھ حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ابتک تارکین وطن کی زمینوں اور جائیدادوں پر 22 بے دخلی کی گئی ہے، مزید 9 کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور اب تک 10 حد بندی مکمل ہوچکی ہیں۔ڈاکٹر سنگلا نے مزید کہا کہ قانون اور مقررہ وقت کے مطابق شکایات کے ازالے پر زیادہ زور دیا جا رہا ہے۔ڈی سی نے ایک بار پھر ریونیو حکام کو ہدایت کی کہ وہ قانون کے تحت تارکین وطن کی شکایات کے فوری تصفیے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ قانون کی متعلقہ دفعات پر حرف بہ حرف عمل کیا جا رہا ہے اور انتظامیہ اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ مختلف زمروں میں نقل مکانی کرنے والوں کے حقیقی حقوق کا مناسب تحفظ کیا جائے۔