محتشم احتشام
پونچھ// معروف سماجی شخصیت امن ڈابر کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران عوامی فلاح، تعلیمی بہتری اور بالخصوص تحصیل منڈی کے علاقے جھلاس میں سکولوں کو مقامی شہداء کے نام سے موسوم کرنے کا مطالبہ بھرپور انداز میں پیش کیا گیا۔وفد نے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا کہ جھلاس اور اس کے مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے متعدد نوجوانوں نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، جن کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور نئی نسل کو ان کی بہادری سے روشناس کرانے کے لیے تعلیمی اداروں کو ان کے ناموں سے منسوب کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اس اقدام سے طلبہ میں حب الوطنی، احساسِ ذمہ داری اور قومی وقار کا شعور مزید مضبوط ہوگا۔امن ڈابر نے اس موقع پر کہا کہ شہداء کی یاد کو زندہ رکھنا صرف ایک رسمی عمل نہیں بلکہ یہ ایک زندہ قوم کی پہچان ہے۔ڈپٹی کمشنر پونچھ نے وفد کی باتوں کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ اس مطالبے کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیم کے فروغ اور شہداء کے احترام کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کے لیے پرعزم ہے اور متعلقہ حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔