واشنگٹن// امریکی سینیٹ نے چین کا مقابلہ کرنے کے لیے بل منظور کرلیا۔امریکی سینیٹ میں یہ بل 32 کے مقابلے میں 68 ووٹوں سے منظور کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 190 ارب ڈالر کی مدد سے ٹیکنالوجی اورصنعتی میدان میں چین کا مقابلہ کیاجائیگا۔بل کے مطابق امریکی پیداوار اور تحقیق بڑھانے کے لیے 50 ارب ڈالر اضافی خرچ کیے جائیں گے۔اس بل کو منظوری کے لیے اب ایوان میں پیش کیا جائے گا اور امریکی حکومت اتحادیوں کی مدد سے بھی چین کا بڑھتا اثرو رسوخ کم کرنیکی کوشش کریگی۔اس بل کے تحت سفارتکاروں اور تائیوان کے فوجیوں کو اجازت ہوگی کہ وہ امریکہ میں سرکاری دوروں کے دوران اپنے ملک کا جھنڈا نمایا رکھ سکتے اور اپنی وردی پہن سکتے ہیں۔علاوہ ازیں یہ بل ان چینی کمپنیوں پر بھی ضروری پابندیاں عائد کرے گا جو امریکہ میں سائبر حملوں اور امریکی کمپنیوں کے کاپی رائٹس کو چوری کرنے میں ملوث ہیں۔اس بل کے تحت 190 ارب ڈالر کی منظوری دی گئی ہے جو کہ امریکہ میں ٹیکنالوجی کے شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے اور تحقیق میں استعمال کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، الگ سے 54 ارب ڈالر کی بھی منظوری دی جائے گی جس سے امریکہ میں ٹیلی کمیونیکیشن کے سامان کی پیداوار ہوگی۔ اس میں دو ارب ڈالر ان چپس کی پیداوار میں لگائے جائیں گے۔