ایجنسیز
دبئی// کویت میں بھارت کی سفیر پرمیتا ترپاٹھی نے کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے میں ہلاک ہونے والے بھارتی شہری کی میت رکھنے والے مردہ خانے کا دورہ کیا اور مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج زخمی بھارتی شہریوں سے ملاقات کی، جبکہ بھارتی سفارت خانہ میت کی وطن واپسی اور متاثرین کی مدد کے لیے حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔بدھ کے روز ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران کویت بین الاقوامی ہوائی اڈہ حملے کی زد میں آ گیا، جس کے نتیجے میں ایک بھارتی شہری ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔بھارتی سفارت خانے نے بدھ کی رات سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ سفیر پرمیتا ترپاٹھی نے کویت کے مرکزی مردہ خانے کا دورہ کیا جہاں جاں بحق بھارتی شہری کی میت منتقل کی گئی تھی۔
سفیر نے جنرل ڈپارٹمنٹ آف کریمنل ایویڈنس کے سربراہ بریگیڈیئر عبدالرحیم العوضی سے بھی ملاقات کی اور متاثرہ خاندان اور زخمیوں کی مدد کے لیے کویتی حکام کی فوری اور ہمدردانہ معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔سفارت خانے کے مطابق، جاں بحق بھارتی شہری کے اہلِ خانہ سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے اور کویتی حکام کے تعاون سے میت کو جلد از جلد بھارت منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔پرمیتا ترپاٹھی نے مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج زخمی بھارتی شہریوں کی عیادت بھی کی۔ انہوں نے زخمیوں سے گفتگو کی اور یقین دلایا کہ سفارت خانہ ان کی ہر ممکن مدد کرے گا اور ان کے علاج معالجے اور اہلِ خانہ سے رابطے کے عمل کی مسلسل نگرانی کرے گا۔اس سے قبل بھارتی سفارت خانے نے ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سوگوار خاندان اور زخمیوں کی مدد کے لیے کویتی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔