ٹوکیو//جاپان کے ساحل کے قریب امریکا کے جنگی بحری جہاز کے ایک تجارتی جہاز سے ٹکرانے کے نتیجے میں جہاز کے عملے کے 7 ارکان لاپتہ جبکہ کپتان سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق امریکی جنگی جہاز یو ایس ایس فٹزجیرلڈ (USS Fitzgerald) جاپان کے جنوب مغربی ساحل یوکوسوکا سے 56 ناٹیکل میل دور رات گئے اے سی ایکس (ACX) کرسٹل نامی تجارتی جہاز سے ٹکرایا۔جاپان کوسٹ گارڈ کے مطابق انھیں رات 2 بجکر 20 منٹ پر امریکی جہاز کے تجارتی جہاز سے ٹکرانے کی ایمرجنسی اطلاع موصول ہوئی۔جاپان کوسٹ گارڈ کے ترجمان یوشی ہیتو ناکامورا نے بتایا کہ ریسکیو اہلکار لاپتہ ارکان کی تلاش میں مصروف ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ وہ یا تو سمندر میں گرگئے یا پھر تباہ شدہ جہاز میں پھنسے ہوئے ہیں۔دوسری جانب تجارتی جہاز کے عملے میں سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔جاپانی ٹی وی نیٹ ورک 'این ایچ کے' پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عملے کے ارکان جنگی جہاز یو ایس ایس فٹزجیرلڈ میں بھر جانے والے پانی کو باہر نکال رہے ہیں، جس کے دائیں حصے کو نقصان پہنچا ہے۔