ایجنسیز
واشنگٹن//اخبارپولٹیکو نے جمعرات کو نامعلوم سفارت کاروں کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکہ نیٹو پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ ستمبر تک عراق میں اپنا مشن ختم کرے اور کوسووو میں اپنی کارروائیوں کو محدود کرے۔ رپورٹ کے مطابق واشنگٹن کی ان کوششوں پر بعض اتحادیوں کی جانب سے منفی ردِعمل سامنے آیا ہے۔ سفارت کاروں نے پولیٹیکو کو بتایا کہ نیٹو کی بیرونِ ملک سرگرمیوں میں کمی ‘‘درست حکمتِ عملی نہیں’’ ہے۔ایک سفارت کار نے کہا، ’’یہ عراق سے نکلنے کا وقت نہیں ہے، وہاں کی حکومت ہماری موجودگی چاہتی ہے۔‘‘
تاہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیشتر اتحادی اس بات پر متفق ہیں کہ عراق میں مشن کو کم کیا جانا چاہیے، لیکن طویل المدتی بنیادوں پر۔ایک سفارت کار نے پولیٹیکو کو بتایا،’’نیٹو مشن عراق یا (کے ایف او آر) کے حوالے سے کوئی ٹائم لائن مقرر نہیں ہے۔ یہ مشنز ضرورت کی بنیاد پر قائم ہیں، وقتاً فوقتاً ان کا جائزہ لیا جاتا ہے اور حالات کے مطابق ان میں رد و بدل کیا جاتا ہے۔‘‘رپورٹ کے مطابق ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، اور ان مشنز کو ختم کرنے کے لیے نیٹو کے تمام 32 رکن ممالک کی متفقہ منظوری درکار ہوگی۔ یہ عمل عموماً شدید مذاکرات اور مختلف ارکان کے دباؤ پر مشتمل ہوتا ہے۔