جموں/تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے جے کے بوس رہاڑی کے دفتر میں جے کے نالج نیٹ ورک ہب کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت والی حکومت تمام سکولوں بالخصوص دور افتادہ سکولوں کو ٹیکنالوجی کے ذریعے سے جوڑنے کے لئے پُر عزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس نالج نیٹ ورک ہب کے ذریعے سے دور دراز علاقوں کے طلاب کو آن لائن ای کتابوں ، لیکچروں تک رسائی کے ساتھ ساتھ قومی اور بین الاقوامی سطح کے ماہرین کے ساتھ استفسار کرنے کا موقعہ دستیا ب ہوگا۔وزیر نے اس دوران ویڈیو کانفرنس کے ذریعے طلاب کے ساتھ بات چیت کی۔ اس موقعہ پر تعلیم کی وزیر مملکت پریاسیٹھی بھی موجود تھے۔اس سے پہلے وزراء نے جے کے بی او ایس ای کے احاطے میں تین منزلہ اضافی بلاک کا سنگ بنیاد رکھا۔ سیکرٹری سکولی تعلیم فاروق احمد شاہ، چیئرپرسن بورڈ آف سکول ایجوکیشن وینا پنڈتا، ناظم اطلاعات منیر الاسلام ، پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس اے عبدالرشید وار ، پروجیکٹ ڈائریکٹر رمسا طفیل متو کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔