محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے حلقہ حویلی سے تعلق رکھنے والے رکنِ قانون ساز اسمبلی اعجاز احمد جان نے علاقہ میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھتے ہوئے لورن اور ساوجیاں کی سڑکوں کی طویل عرصہ سے زیر التوا اپ گریڈیشن کے مطالبے کو عملی جامہ پہنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت یقینی بنا دی ہے۔ایم ایل اے اجاز جان کی کوششوں سے حلقہ حویلی کے مختلف علاقوں میں 32 سڑکوں کی بحالی اور ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا ہے۔ ان سڑکوں میں وہ علاقے بھی شامل ہیں جو گزشتہ کئی برسوں سے مرکزی شاہراہوں سے مناسب رابطے سے محروم تھے۔
اب ان کوششوں کے تسلسل میں چندک–منڈی روڈ، ساوجیاں–منڈی روڈ اور لورن–منڈی روڈ جیسے اہم منصوبوں پر بھی پیش رفت ممکن ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق تحصیل منڈی کے ساوجیاں اور لورن بذریعہ شری بڈھا امرناتھ، سڑکوں کی اپ گریڈیشن (فیز اوّل) کے منصوبے کو NABARD RIDF–XXXI کے تحت ٹینڈر کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت کراس ڈرینیج کے کاموں کے ساتھ ساتھ 75 ملی میٹر موٹی ڈبلیو بی ایم گریڈ دوم و سوم، 50 ملی میٹر بٹومینس میکڈم، 25 ملی میٹر او جی پی سی اور 6 ملی میٹر سیل کوٹ بچھانے کا کام کیا جائے گا۔ منصوبہ ساوجیاں سے منڈی کی جانب کلو میٹر اوّل آر ڈی صفر سے کلو میٹر سات آر ڈی 1000 تک مکمل کیا جائے گا۔محکمہ تعمیرات عامہ کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ٹینڈر نوٹس 27 فروری 2026 کو جاری کیا گیا ہے جبکہ بولی سے متعلق دستاویزات 27 فروری سے 19 مارچ 2026 تک شام چھ بجے تک ڈاؤن لوڈ کیے جا سکیں گے۔ پری بڈ میٹنگ 10 مارچ کو سپرنٹنڈنگ انجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) سرکل پونچھ کے دفتر میں منعقد ہوگی جبکہ تکنیکی بولیوں کو 20 مارچ کو آن لائن کھولا جائے گا۔ مالی بولیوں کی تاریخ تکنیکی جانچ کے بعد جاری کی جائے گی۔ادھر جیسے ہی اس منصوبے کے ٹینڈر کی خبر منظر عام پر آئی تو لورن اور ساوجیاں کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ تقریباً پندرہ برسوں سے خراب سڑکوں اور ناقص رابطہ نظام کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔علاقہ مکینوں نے ایم ایل اے اجاز جان کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف دور دراز علاقوں میں رابطہ نظام بہتر ہوگا بلکہ آمد و رفت اور مقامی ترقی کے نئے امکانات بھی پیدا ہوں گے۔