عظمیٰ نیوزسروس
جموں//اسلام نے انسانیت، ہمدردی اور انسانی اقدار کا عملی درس دیتا ہے، بالخصوص یتیموں، مسکینوں، بیواؤں اور جسمانی طور پر معذور افراد کی کفالت، پرورش اور تعلیم پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔ان باتوں کا اظہار صدر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہیومن ایڈ سوسائٹی نامی ایک این جی او کے زیر اہتمام جموں میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے حضور اکرمؐ کے ارشادِ مبارک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یتیم کے سر پر شفقت اور محبت کا ہاتھ رکھنا عظیم اجر کا باعث ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ معاشرے کی اصل پہچان کمزور طبقات کے ساتھ اس کے برتاؤ سے ہوتی ہے اور اسلام نے اس حوالے سے واضح رہنمائی فراہم کی ہے۔اس موقع پر ہیومن ایڈ سوسائٹی کی جانب سے 100یتیم بچوں میں نقد رقم اور اشیائے ضروریہ تقسیم کی گئیں، جبکہ معزز شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے یتیموں کی کفالت کرنے والے افراد اور اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے صاحبِ ثروت طبقے سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ آگے آکر یتیم بچوں کی مدد کریں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ اور روشن بنایا جا سکے۔اس دوران ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سوپور کی سماجی شخصیت و معروف معالج ڈاکٹر عتیق اللہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔