غزہ// اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 5 فلسطینی نوجوانوں کو ہلاک کردیا جب کہ متعدد نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں لے لیا گیا۔ ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے یروشلم کے نزدیک مغربی کنارے میں ایک گاوں پر چھاپہ مار کارروائی کی جس کے دوران فائرنگ کرکے احمد زہران، محمد حمیدان اور زکریا بدوان نامی نوجوانوں کو ہلاک کردیا۔اسی طرح اسرائیلی فوج نے جنوب مغربی گاوں برقن میں بھی ایک گھر پر چھاپہ مار کر نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد ماورائے عدالت قتل کردیا۔ اسی علاقے میں ایک اور فلسطینی نوجوان کے جاں بحق ہونے کی بھی اطلاع ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نوجوان مسلح تھے اور چھاپے کے دوران جدید اسلحے سے فوجی اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ جوابی فائرنگ میں فلسطینی نوجوان بھی ہلاک ہو گئے۔