عظمیٰ نیوز سروس
حیدرآبا//طلبہ اپنی صلاحیتوں کو پہچان کر اپنے کیریئر کا انتخاب کریں۔ اردو یونیورسٹی میں تقریباً تمام طرح کے پروفیشنل کورسز انتہائی کم فیس میں دستیاب ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر سید عین الحسن وائس چانسلر ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے کیا۔ وہ کل’’اردو یونیورسٹی کا دورہ کریں‘‘ کے 29 ویں اور سیزن کے آخری پروگرام سے صدارتی خطاب کر رہے تھے۔ اردویونیورسٹی کا دورہ کریں پروگرام کا آغاز 4 اگست 2025 کو کیا گیا تھا۔ پروفیسر سید عین الحسن کے مطابق اردو یونیورسٹی میں داخلوں کے لیے ملک بھر سے طلبہ و ریسرچ اسکالرس آگے آرہے ہیں۔ لیکن تلنگانہ اور حیدرآباد کے مقامی طلبہ کی تعداد نہایت ہی کم ہے۔ ان کے مطابق مانو کو عالمی سطح کی QIS رینکنگ میں بھی شامل کیا گیا ہے جو کہ یونیورسٹی کی معیاری تعلیم اور اعلیٰ انفراسٹرکچر کا ایک ثبوت ہے۔ جبکہ یونیورسٹی کی فیس کا ڈھانچہ بہت معمولی ہے۔ ان ساری سہولیات کے باوجود مقامی طلبہ کا داخلوں کے لیے یونیورسٹی نہ آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ مقامی طلبہ میں یونیورسٹی کے متعلق آگاہی میں کمی ہے اور اردو یونیورسٹی کا دورہ کریں پروگرام کے آغاز کا اصل مقصد اردو یونیورسٹی میں دستیاب تعلیمی سہولیات کے متعلق شعور بیدار کرنا ہے۔ گذشتہ چھ مہینوں کے دوران اردو یونیورسٹی کا دورہ کریں پروگرام میں تقریباً 3,200 طلبہ نے شرکت کی۔ رواں تعلیمی سال کے دوران چلائی جانے والی اردو یونیورسٹی کا دورہ کریں مہم کے پہلے مرحلے کے اختتام پر منعقد ہونے والے اس پروگرام میں پرانے شہر حیدرآباد کے مشہور سماجی جہدکار اظہر مخصوصی کے علاوہ یونیورسٹی کے المنائی انعم ظفر (آل انڈیا فرسٹ رینکر) اورموزمبیق میں برسرکار مانو کے سابق طالب علم شیخ اویس کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔