عظمیٰ نیوز سروس
جموں// ادھم پور ضلع میں منگل کو ایک بس کے کھڑے لوڈ کیرئیر اور ایک موٹر سائیکل سے ٹکرانے سے سی آر پی ایف کے ایک جوان سمیت چار افراد ہلاک اور ایک خاتون زخمی ہو گئی۔یہ حادثہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جکھنی-چنینی علاقے کے قریب صبح 11 بجے کے قریب پیش آیا۔حکام نے بتایا کہ ڈوڈہ سے جموں جاتے ہوئے بس نے کنٹرول کھو دیا اور ایک موٹر سائیکل سے ٹکرانے سے پہلے ایک لوڈ کیریئر سے ٹکرا گئی، جو قریب ہی کھڑی تھی اور ایک مکینک اس کی مرمت کر رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ مکینک اور لوڈ کیریئر ڈرائیور کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ بس میں سفر کرنے والے دو افراد ایمرجنسی ونڈو سے باہر پھینکے گئے اور ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ہلاک ہونے والوں کی شناخت ادھم پور کے مکینک سنجیو کمار، بڈگام کے رئیس احمد اور سی آر پی ایف کے ایک جوان مکیش پرجاپتی کے طور پر ہوئی ہے جو کشتواڑ میں تعینات تھے اور چھٹی پر مدھیہ پردیش میں اپنے گھر جا رہے تھے۔بس میں سوار بملا دیوی بھی اس حادثہ میں زخمی ہوگئیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اسے ادھم پور کے سرکاری میڈیکل کالج سپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلی عمر عبداللہ نے حادثے میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔