محمد تسکین
بانہال// جمعہ کی صبح سے وادی چناب کے بیشتر علاقوں میں موسم ابرآلود ہے اور ضلع رام بن کے پہاڑوں پر پچھلے کئی روز سے دھند بھی چھائی ہوئی ہے جس سے دھوپ کی تمازت اثر انداز ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ کئی روز تک موسم ابرآلود رہنے کی پیشنگوئی کر رکھی ہے اور آنے والے ایام میں صوبہ کشمیر کے کئی علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ تاہم صوبہ جموں کے علاقوں میں مغربی ہواؤں کے نتیجے میں واقع ہونے والی موسمی تبدیلی کا کم اثر رہیگا اور ہلکی بارشوں اور دور افتادہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری ہے اور جمعہ کی صبح سے شام تک ہزاروں مال اور مسافر گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں اپنی اپنی منزلوں کا سفر کیا۔