اشتیاق ملک
ڈوڈہ// ضلع ڈوڈہ میں مسلسل چوتھے روز بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث ضلع کے بیشتر علاقوں میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔مسلسل بارش کے سبب ندی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی ہے، جبکہ متعدد رابطہ سڑکیں، گلی کوچے اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ ادھر ٹھاٹھری۔کلہوتران شاہراہ سمیت کئی رابطہ سڑکوں پر وقفے وقفے سے پسیاں اور پتھر گرنے کے باعث آمدورفت متاثر رہی، جبکہ کئی مقامات پر ٹریفک کی نقل و حرکت بھی متاثر ہوئی۔شدید بارش اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے متعدد دیہات میں پینے کے پانی کی سکیموں، پیدل راستوں اور پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔مسلسل بارش سے زرعی شعبہ بھی شدید متاثر ہوا ہے اور کھڑی فصلوں، سبزیوں اور باغات کو خاطر خواہ نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔دوسری جانب بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہے۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں کے قریب جانے سے احتراز کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں،اور کسی بھی قسم کی ایمرجنسی میں متعلقہ حکام و کنٹرول روم کے ساتھ رابطہ کریں۔