جموں//شہرکے نواحی علاقہ بن تالاب کی جامع مسجدبلالؓ اپرٹھٹھرمیں جشن میلادالنبی ؐکانفرنس کاانعقاد کیاگیا۔ اس موقعہ پرکثیرتعدادمیں فرزندان توحید وعاشقان رسول سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمدآصف ملک علیمی اور مفتی بشارت حسین ودیگرعلماء کرام نے نبی آخرالزماں حضرت محمدﷺ کی سیرت مبارکہ پرتفصیلی روشنی ڈالی جبکہ حافظ عابدحسین نے نعت ومنقبت کے ذریعے بارگاہِ رسالت مآب میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس موقعہ پرمفتی آصف ملک علیمی اورمفتی بشارت حسین نے سیرت النبی کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد مصطفی کسی ایک قوم ، علاقہ یا زمانہ کیلئے نہیں بلکہ آپ رحمت للعالمینؐ ہیں اور آخری نبی ہیں۔ آپ کے بعد نبوت کا دروازہ بند ہو چکا ہے۔ اپنے خطاب میں مفتی محمدآصف ملک علیمی اورمفتی بشارت حسین نے کہا کہ رسول پاک ؐکے بتائے ہوئے راستہ پر عمل پیرا ہونا ہی اصل کامیابی ہے جس پر چل کر دین و دنیا کی فلاح حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کی عظمت کا اندازہ لگانا ہو تو صحابہ کرامؓ سے معلوم کیجئے کہ جنہوں نے اپنی جانیں آپ پر قربان کر دیں۔جن کے دل محبت رسول سے لبریز تھے اور ساری دنیا سے بڑھ کر دل میںآپؐ کی محبت کا سمندر موجزن ہوجاتا ہے۔اس دوران دیگرعلماء کرام نے بھی سیرت نبوی پرخیالات کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ میلادمصطفی کا دن پورے عالم انسانیت کے لئے خوشی کا دن ہے کیونکہ اسی روز پیغمبر آخر الزمان اس دنیا میں مبعوث ہوئے جن کے لئے اللہ تعالیٰ نے پوری کائنات کو وجود میں لایا۔اْنہوں نے رسولِ اکرم کے فرمودات بیان کرتے ہوئے کہاکہ جو جوان اپنے بوڑھے ماں باپ کے چہرے پر محبت کی ایک نظر ڈالتا ہے تو اللہ تعالیٰ اسے ایک مقبول حج کا ثواب عطا کرتے ہیں۔کیوں کہ یہ والدین ہی ہیں کہ جنہوں نے بہت تکلیفیں ا ٹھا کر اور مشکلات برداشت کر کے آپ کو پروان چڑھایا ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہوکران سے اپیل کی کہ وہ حضرت محمدﷺ کی تعلیمات اوراسوہ حسنہ کی پیروی کرتے ہوئے اپنے والدین کی خدمت کریں۔ا نہوں نے کہا کہ رسولِ رحمت کا دل سب سے نازک اور آپ کی روح سب سے لطیف ترین اور آپ کا مرتبہ و مقام سب سے بلند تر ہے۔دیگرعلماء نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ رسول اللہ کی حیات طیبہ کو اپنی مشعل راہ بناتے ہوئے آپ کے فرمودات پر عمل کریں اور اسی میں نہ صرف مسلمانوں بلکہ پورے عالم انسانیت کی بقاء،فلاح اور بہبود ہے ۔اس دوران مولانا مزمل رضا پونچھ، حافظ مشتاق امام جامع مسجد خیری، مفتی اشرف رضا ، مولانا اکرام ، مولانا عبدالقیوم، مولانا طالب نعیمی بھی موجودتھے ۔ اراکین کمیٹی حاجی صحبت علی نور احمد صدر کمیٹی ماسٹر محمد ایوب ماسٹر فاروق پٹواری انور اصغر علی الطاف رضا امام مسجد بھی موجود رہے۔