غلام نبی رینہ
کنگن/سرینگر–لیہہ شاہراہ پر کنی پتھر زوجیلا کے مقام پر جمعہ کی دوپہر ایک برفانی تودہ گرنے سے کم از کم تین مسافر گاڑیاں اس کی زد میں آگئیں۔ اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ پانچ دیگر شدید زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی سیول انتظامیہ، پولیس اور فوج کی ٹیمیں فوری طور جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ امدادی کارروائی کے دوران لاشوں اور زخمیوں کو برف سے نکال کر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال دراس منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے دو شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ضلع ہسپتال کرگل ریفر کیا، جہاں 65 سالہ باقر علی ولد محسن علی ساکن نیلہ گراٹھ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہفتہ کی صبح دم توڑ گئے۔
ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد لاپتہ ہونے والے ایک شخص کی لاش بھی ہفتہ کی صبح کنی پتھر کے مقام سے برآمد کرلی گئی، جس کے بعد اس سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 7 ہوگئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے علاقے میں ریسکیو اور نگرانی کا عمل جاری ہے جبکہ شاہراہ پر آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔
زوجیلا حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد 7 تک پہنچ گئی