عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ/وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے منگل کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں جنگل راج ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور کسی کو بھی امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بیجبہاڑہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں ایک نئے دور کا آغاز کرنا چاہتی ہے تاکہ یہاں کا ماحول پرامن رہے اور حالات مستحکم رہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر ایسے ہیں جو جان بوجھ کر ’جنگل راج‘ قائم کرنا چاہتے ہیں اور علاقے کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، کچھ لوگ امن کو پسند نہیں کرتے بلکہ فرقہ وارانہ کشیدگی اور تصادم کو ہوا دینا چاہتے ہیں، جیسا کہ آپ نے دیکھا ہے۔ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جب تک ہماری حکومت اقتدار میں ہے، ہم جموں و کشمیر میں ایسے حالات پیدا نہیں ہونے دیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سہنا سے اپیل کی کہ رام بن قتل معاملہ میں ملوث افراد اور حالات خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے ایک مضبوط پیغام جانا چاہیے کہ موجودہ حکومت کسی بھی طرح کی بدامنی اور قانون شکنی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔
رام بن واقعہ:کچھ لوگ جان بوجھ کر پُرامن ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں: وزیراعلیٰ عمرعبداللہ