عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں واقع گورنمنٹ میڈیکل کالج میں منگل کے روز اچانک آگ لگ گئی، جس کے بعد اسپتال سے 150 سے زائد مریضوں کو فوری طور پر نکال لیا گیا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہمانشو گپتا نے بتایاآتشزدگی گ کا واقعہ منگل کی صبح راجوری کے اسپتال کے بیسمنٹ میں پیش آیا، جس پر ایک گھنٹے کے اندر قابو پا لیا گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ دھواں وارڈز میں بھر جانے کے باعث مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو فوری طور پر باہر نکال لیا گیا۔ آگ بجھانے کے لیے تین فائر بریگیڈ گاڑیوں کو موقع پر تعینات کیا گیا، جبکہ حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
راجوری کے ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسپتال کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ شرما نے کہاہماری ترجیح اسپتال میں معمول کی سرگرمیاں، بشمول او پی ڈی سروسز، بحال کرنا ہے۔
اسپتال کے اندرونی فائر سیفٹی نظام کی مبینہ ناکامی پر، ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ معاملے کی مکمل جانچ کی جائے گی۔ حکام کے مطابق، اسپتال کے عملے اور متعدد رضاکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھانے کی کوشش کی، جس کے بعد فائر بریگیڈ نے بیسمنٹ تک محدود رہنے والی آگ پر مکمل قابو پا لیا۔
جموں و کشمیر کے راجوری میں اسپتال میں آگ بھڑک اٹھی، 150مریضوں کو بحفاظت نکالا گیا
