عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/کشمیر میں شدید سردی کا راج برقرار ہے اور بیشتر مقامات پر رات کا درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے کئی درجے نیچے درج کیا گیا۔تاہم سری نگر سمیت چند علاقوں میں رات کا درجۂ حرارت توقع سے کچھ بہتر رہا۔دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 0.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو پچھلی رات کے 0.1 ڈگری سیلسیس کے مقابلے میں کم تھا۔ یہ درجۂ حرارت موسمی اوسط سے 0.3 ڈگری زیادہ رہا۔وسطی ضلع گاندربل میں واقع سونمرگ جموں و کشمیر کا سرد ترین مقام رہا، جہاں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 11.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ رات کے منفی 9.8 ڈگری سے مزید کم ہے۔
شمالی ضلع بارہمولہ میں واقع معروف سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 9 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جبکہ جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں درجۂ حرارت منفی 4.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا۔وادی کے گیٹ وے قصبے قاضی گنڈ میں کم سے کم درجۂ حرارت صفر ڈگری رہا، جبکہ کوکرناگ میں منفی 0.6 ڈگری اور کپواڑہ میں منفی 3.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
سردی کی 40 روزہ مدت ’’چلۂ کلاں‘‘، جس کے دوران رات کے درجۂ حرارت اکثر کئی درجے نقطۂ انجماد سے نیچے گر جاتے ہیں اور برفباری کے امکانات سب سے زیادہ ہوتے ہیں، اب اختتام کے قریب ہے۔’’چلۂ کلاں‘‘، جو گزشتہ سال 21 دسمبر کو شروع ہوا تھا، 30 جنوری کو ختم ہو جائے گا۔تاہم اس کے بعد بھی سردی کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ ’’چلۂ کلان‘‘ کے بعد 20 روزہ ’’چلۂ خرد‘‘ اور پھر 10 روزہ ’’چلۂ بچہ‘‘ آتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق 31 جنوری تک موسم ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ نے بتایا کہ یکم فروری کو ایک نیا مغربی خلل (ویسٹرن ڈسٹربنس) خطے کو متاثر کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں ایک اور بارش یا برفباری کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
کشمیر میں سردیوں کا زور تیز تر ، سونمرگ میں پارہ منفی 11.2 ڈگری سیلسیس تک گر گیا