جموں و کشمیر میں موسلا دھار بارشوں کے بعد موسم میں بہتری واقع

یو این آئی

سرینگر// وادی کشمیر میں دو دنوں کی موسلا دھار بارشوں کے بعد موسم میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے اور اس دوران وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران28.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 44.2 ملی میٹر، پہلگام میں 39.0 ملی میٹر، کپوارہ میں 28.6 ملی میٹر، گلمرگ میں 32.8 ملی میٹر، کو کرناگ میں 28.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

موصوف ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں 18 اپریل کی شام سے 19 اپریل کی شام تک ایک اور مغربی ہوا کی لہر کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 20 سے 25 اپریل تک موسم مجموعی طو رپر خشک رہنے کا امکان ہے۔

اطلاعات کے مطابق وادی میں موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے سری نگر سمیت کئی علاقوں کی سڑکیں، سڑکیں کم ندی نالے زیادہ نظر آ رہے ہیں۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر ہوئے گہرے گڑھوں میں پانی جمع ہوا ہے اور گاڑیوں کے چلنے سے اٹھنے والی چھینٹیں دور دور تک چلنے والوں اور دکانداروں کو اپنی لپیٹ میں لیتی ہیں۔

دریں اثنا خراب موسمی صورتحال کے باعث پہلگام کو چھوڑ کر وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے گراوٹ درج ہوئی ہے۔

گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت8.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت7.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔