عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سری نگر میں آتشزدگی کے دو الگ الگ واقعات میں تین رہائشی مکان اور دکان خاکستر ہوا ہے۔ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے مطابق ایک واقعہ درمیانی شب نور باغ میں پیش آیا، جبکہ دوسرا بدھ کی صبح پادشاہی باغ علاقے میں رونما ہوا۔ دونوں واقعات میں مجموعی طور پر تین رہائشی مکان اور ایک دکان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر افسر نے یو این آئی کو بتایا کہ نور باغ میں درمیانی شب اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ایک رہائشی مکان اور اس کے ساتھ موجود دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع ملتے ہی فائر ٹینڈرز موقع پر روانہ کیے گئے اور عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شعلوں کو گنجان آبادی والے علاقے میں مزید پھیلنے سے روک دیا۔
ادھر بدھ کے روز پادشاہی باغ میں آگ کی ایک ہولناک واردات پیش آئی، جس میں دو رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہو گئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق آگ کی لپٹیں اس قدر شدید تھیں کہ چند ہی منٹوں میں پورا ڈھانچہ شعلوں میں گھِر گیا۔ فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ موقع پر پہنچ گیا اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا، تاہم اس دوران دونوں مکانات بری طرح تباہ ہوگئے۔پولیس نے دونوں وارداتوں کے سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے، تاہم متعلقہ حکام مختلف پہلوؤں سے معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔ مقامی آبادی نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ انہیں فوری امداد اور بحالی فراہم کی جائے۔
سری نگر میں آتشزدگی کے واقعات میں تین رہائشی مکان اور دکان خاکستر