کشتواڑ میں 3 بالائی ورکروں کے خلاف پی ایس اے کے تحت مقدمہ درج: پولیس

عاصف بٹ

کشتواڑ// کشتواڑ پولیس نے ضلع میں تین بالائی ورکروں کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، ظہور الحسن کمل عرف ناکہ کمل ولد ولی محمد کمل ساکنہ کمل محلہ کشتواڑ، توصیف النبی ولد غلام نبی گندنہ ساکنہ جامعہ مسجد اور ریاض احمد ولد محمد رمضان ساکنہ سوندر دچھن کو حراست میں لینے کے بعد ان کے خلاف پی ایس اے کے تتحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ ان پر پی ایس اے عائد کرنے کا مقصد ملک دشمن سرگرمیوں کو روکنا اور کشتواڑ کے نوجوانوں کو کالعدم تنظیموں کے بچھائے جال میں پھنسنے سے بچانا ہے۔

پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ افراد پہلے بھی مختلف ایف آئی آرز میں ملوث تھے۔ ملک دشمن سرگرمیوں میں ان کی مسلسل شمولیت اور مقامی نوجوانوں کو کالعدم تنظیموں میں شامل ہونے کی ترغیب دینے میں کردار کی وجہ سے انپر پی ایس اے کا نفاذ ضروری سمجھا گیا۔

ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پوسوال نے کہا کہ یہ کاروائی مجاز اتھارٹی سے پی ایس اے کے احکامات حاصل کرنے کے بعد پی ایس آئی راہل شرما، انیل کمار و سرجیت سنگھ پر مشتمل متعدد ٹیموں کے زریعے انجام دیا گیا جس کی سربراہی انسپکٹر پرویز احمد کھانڈے ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر کی زیرنگرانی کر رہے تھے۔

پوسوال نے کہا کہ ان ٹیموں نے سبھی افراد کو کشتواڑ کے مختلف مقامات سے گرفتار کیا اور بعد میں انہیں جموں صوبہ کی مختلف جیلوں میں بند کر دیا۔