عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک ایک پاکستانی شہری کو مشتبہ حالات میں سرحد عبور کرنے کے بعد گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بھارتی فوج نے ہفتہ کے روز اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
فوج کی چنار کور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سمری گاؤں کے نزدیک ایک پاکستانی شہری کو حراست میں لیا۔
بیان میں کہا گیا کہ “مخصوص انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر چنار وارئیرز نے جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن انجام دیتے ہوئے 12 جون 2026 کو کپواڑہ کے سمری گاؤں کے قریب ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کیا، جو مشتبہ حالات میں لائن آف کنٹرول عبور کرکے داخل ہوا تھا۔”
فوج کے مطابق مشترکہ ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو روک لیا اور کسی بھی ممکنہ سیکورٹی خطرے کو ٹال دیا۔
فوج نے مزید بتایا کہ گرفتار شخص سے پوچھ گچھ جاری ہے اور اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ اس نے کن حالات میں سرحد عبور کی اور آیا اس کے کسی قسم کے روابط یا دیگر مقاصد تھے یا نہیں۔
سرحد پار سے دراندازی کی کوشش ناکام، کپواڑہ میں پاکستانی شہری گرفتار، تحقیقات جاری