محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن اور بانہال کے مختلف علاقوں میں ہفتہ کی صبح سے جاری بارش نے شدید گرمی سے لوگوں کو کافی راحت پہنچائی ہے اور بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس پر مقامی لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ بارشوں کا یہ سلسلہ ہفتے کی صبح سے ایک پہر تک جاری رہا ۔بارش کے باوجود جموں- سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہی اور ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں سفر کیا۔ ٹریفک حکام کے مطابق رام بن اور بانہال کے درمیان شاہراہ پر رات بھر مرمت اور سڑک کی بحالی کا کام انجام دیا گیا، جس کے بعد ہفتہ کی صبح شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر دونوں جانب سے گاڑیوں کی نقل و حرکت معمول کے مطابق جاری ہے اور مسافروں کو کسی بڑی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ تاہم مسلسل بارش کے پیش نظر مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔