عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پی ڈی پی کے سینئر لیڈ ر اور ممبر اسمبلی وحید الرحمن پرہ نے پیر کے روز کہاکہ کٹھوعہ اور کولگام میں شہریوں کی ہلاکتوں کے حوالے سے حکومت کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کی ہلاکتوں کے بعد لوگوں میں ڈر اورخوف کا ماحول قائم ہوا ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے اسمبلی کے باہر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ کٹھوعہ میں شہری ہلاکتوں کے بعد کولگام میں تین لاپتہ افراد میں سے دو کی لاشیں برآمد کی گئیں ہیں۔پی ڈی پی لیڈر کے مطابق ایک مخصوص طبقے کو نشانہ بنایا جارہا ہے لہٰذا سرکار کو تحقیقات کے ذریعے سب کچھ سامنے لانا چاہئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کٹھوعہ واقعے کے بعد کولگام میں دو افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد لوگوں میں ڈر اور خوف کا ماحول ہے۔وحید الرحمن پرہ کے مطابق لوگ اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں خاص کر گوجر بکروال طبقے کے لوگ اب اوپری پہاڑی علاقوں میں جانے سے خوف محسوس کر رہے ہیں۔
شہریوں کی ہلاکتیں: ایک مخصوص طبقے کو نشانہ بنایا جارہا ہے:وحید پرہ
