عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے اتوار کو کہاکہ ہر پورہ شوپیاں میں ملی ٹینٹوں نے بی جے پی کارکن کا بے دردی کے ساتھ قتل کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں نے انسانیت کو داغدار کیا اور اوپر والا بھی انہیں معاوف نہیں کرئے گا۔
رویندر رینہ نے کہاکہ ملوث دہشت گردوں کو بہت جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہا، “ہر پورہ شوپیاں میں ہفتے کی شام دہشت گردوں نے بی جے پی کارکن اعجاز احمد شیخ کا بے رحمی سے قتل کیا اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے”۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قتل کے اس واقعے میں جو کوئی بھی ملوث ہوگا انہیں کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔
رویندر رینہ نے کہاکہ اعجاز احمد ایسا نوجوان لیڈر تھا جو غریبوں کا مسیحا تھا اور ہمیشہ اپنے آپ کو مسکینوں اور غریبوں کی مدد کے لئے پیش پیش رکھتا تھا۔ان کے مطابق دہشت گردوں نے کشمیریت کو نشانہ بنایا اور آج ایک دفعہ پھر کشمیریت کو لہولہان کیا گیا۔
بی جے پی صدر نے بتایا کہ اعجاز احمد کی ہلاکت ناقابل برداشت ہے اور ملوثین کو جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا،’ہر پورہ شوپیاں میں تعمیر وترقی کے کام شروع کرنے ، غریبوں کو انصاف فراہم کرنے کی خاطرمرحوم اعجاز احمدہمیشہ پیش پیش رہتا تھا۔ ‘رویندر رینا نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں اعجاز احمد کے گھر والوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
بتادیں کہ ہفتے شام دیرگئے ہر پورہ شوپیاں میں دہشت گرد سابق سرپنچ کے گھر میں زبردستی داخل ہوئے اور اعجاز احمد پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں اس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔