عظمیٰ ویب ڈیسک
اودھم پور/وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے پیر کو یہاں اساتذہ کے ایک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ ایک ترقی پسند اور روشن خیال معاشرے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں نسیم جاوید چوہدری، اے سی آر اودھم پور، جوائنٹ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن اودھم پور/ریاسی، ڈی ایس ڈبلیو او ادھم پور، سی ایم او ادھم پور، سی ای او ادھم پور، محکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ افسران اور بڑی تعداد میں اساتذہ موجود تھے۔
اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے اساتذہ کو ترقی پسند معاشرے کے حقیقی معمار قرار دیا اور کہا کہ ان کی خدمات صرف کلاس روم اور نصابی کتابوں تک محدود نہیں بلکہ وہ ذمہ دار شہریوں کی پرورش اور معاشرے کے اخلاقی و فکری ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں۔سکینہ ایتو نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بدلتے تعلیمی چیلنجز کے مطابق خود کو ہم آہنگ کریں اور نئی نسل کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے جدید تدریسی طریقے اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل پیشہ ورانہ تربیت اور اقدار پر مبنی تعلیم وقت کی ضرورت ہے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی دور اندیش قیادت میں رہبرِ تعلیم (ReT) اسکیم کا آغاز کیا گیا، جس نے جموں و کشمیر کے تعلیمی شعبے کی سمت بدل دی۔ اس اسکیم کے ذریعے دور دراز علاقوں کے وہ طلبہ جو شہروں میں جا کر تعلیم حاصل کرنے کے متحمل نہیں تھے، انہیں اپنے علاقوں میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اساتذہ کی خدمات کو تسلیم کیا جانا چاہیے، کیونکہ بڑی تعداد میں آئی اے ایس، آئی پی ایس اور جے کے اے ایس افسران سرکاری اسکولوں سے تعلیم یافتہ ہیں، جو اساتذہ کی محنت کا ثبوت ہے۔
وزیر نے استاد اور طالب علم کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی احترام، اعتماد اور ہم آہنگی کو تعلیمی اداروں کی بنیاد بنانا ہوگا اور اس ضمن میں مثبت اصلاحات کی ضرورت ہے۔سکینہ ایتو نے تعلیم کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، تدریسی معیار کو بلند کرنے اور ہمہ گیر تعلیم کو فروغ دینے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اساتذہ ترقی پسند اور روشن خیال معاشرے کی تعمیر کے حقیقی معمار ہیں: سکینہ ایتو