پونچھ میں خاتون سمیت چھ افراد گرفتار اسلحہ وگولہ بارود اور نشیلی اشیا ضبط:پولیس

پونچھ// جموں وکشمیر پولیس اور آرمی نے پونچھ میں خاتون سمیت چھ افراد کو حراست میں لے کر اُن کے قبضے سے آئی ای ڈی ، پستول اور زائد از چھ کلو ممنوع نشیلی اشیاءبرآمد کرکے ضبط کی۔گرفتار افراد پر یواے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیاجاسکتا۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ پونچھ میں پولیس اور فوج نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 28ستمبر کے روز پولیس کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ ضلع میں تخریبی کارروائی انجام دینے کی خاطر کئی افرادسرگرم ہو گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس ، فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے ضلع پونچھ کے کئی علاقوں میں آپریشن شروع کیا جس دوران ایک خاتون کے پاس آئی ای ڈی ہونے کے بارے میں پتہ چلا.
اُن کے مطابق سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو حراست میں لے کر اُس کے قبضے سے ایک آئی ای ڈی برآمد کی جس کو بعد بم ناکارہ بنانے والی ٹیم نے آئی ای ڈی کو ناکارہ بنایا۔
پولیس آفیسر کے مطابق پوچھ تاچھ کے دوران خاتون نے بتایاکہ اُس سے یہ آئی ای ڈی خاوند محمد آزاد نے دی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ مزید انکشافات کے بعد پتہ چلا کہ قمر الدین نامی شخص نے محمد آزاد کو یہ آئی ای ڈی فراہم کی تھی۔
اُن کے مطابق مزید تحقیقات کے دوران کمل الدین اور دوسرے افراد کے نام سامنے آئے۔
انہوں نے کہاکہ تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ قمر الدین کے دو بھائی اُس پار کشمیر میں بیٹھے ہیں جو بھارت کے خلاف مسلسل سازشیں رچانے میں ملوث ہیں۔
پولیس آفیسر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ہینڈلرز جموں وکشمیر میں امن و امان کی فضا کو درہم برہم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے تاہم سیکورٹی ایجنسیاں بھی مسلسل اُن کے منصوبوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ خاتون سمیت پانچ افراد کو حراست میں لیا گیا جن کے قبضے سے ایک آئی ای ڈی ، پستول اور چھ کلو سے زائد ممنوع نشیلی اشیاء بر آمد کرکے ضبط کی گئی ۔
انہوں نے کہاکہ تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کو خارج از مکان قرار نہیں دیاجاسکتا۔