عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وادی کشمیر میں گرمائی تعطیلات کے بعد پیر کے روز تمام اسکول دوبارہ کھل گئے۔ شدید گرمی کی لہر اور اس کے بعد مسلسل بارشوں کے باعث تقریباً 20 روز تک بند رہنے والے تعلیمی اداروں میں آج سے تدریسی سرگرمیاں بحال ہو گئیں۔پیر کی صبح طلبہ و طالبات اسکول یونیفارم میں ملبوس اپنے اپنے تعلیمی اداروں کی جانب روانہ ہوئے، جس سے اسکولوں میں ایک بار پھر رونق لوٹ آئی۔واضح رہے کہ حکومت نے 6 جولائی کو غیر معمولی گرمی کی شدت کے پیش نظر ابتدائی طور پر 13 روز کے لیے اسکول بند کرنے کا اعلان کیا تھا، کیونکہ وادی شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں تھی۔
بعد ازاں 18 جولائی کے آس پاس موسلا دھار بارشوں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آئی، تاہم مسلسل بارشوں اور کئی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہونے پر حکومت نے تعطیلات میں توسیع کرتے ہوئے اسکول 26 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔اب موسم میں بہتری آنے کے بعد پیر سے وادی بھر کے اسکول معمول کے مطابق دوبارہ کھل گئے ہیں اور تدریسی عمل کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
گرمائی تعطیلات کے بعد کشمیر بھر میں اسکول دوبارہ کھل گئے