عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے جعلی سرکاری ملازمتوں کا جھانسہ دے کر 23 لاکھ روپے کی مبینہ دھوکہ دہی کے معاملے میں تین افراد کے خلاف چارج شیٹ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سری نگر کی عدالت میں پیش کر دی ہے۔
ای او ڈبلیو کشمیر، کرائم برانچ جموں و کشمیر کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ایف آئی آر نمبر 01/2026 کے تحت تعزیراتِ رنبیر (RPC) کی دفعات 420، 467، 468، 471 اور 120-بی کے تحت تین ملزمان کے خلاف جعلی سرکاری ملازمتوں کے ریکٹ میں ملوث ہونے پر چارج شیٹ دائر کی گئی ہے۔
ملزمان کی شناخت غلام محمد شیخ عرف گلزار ولد عبدالعزیز شیخ ساکن پالپورہ پامپوش کالونی، نور باغ سری نگر، محمد یوسف وانی ولد عبدالاحد وانی ساکن کنزر بارہمولہ، اور محمد عبداللہ میر ولد عبدالغفار میر ساکن شیوتھ، تحصیل سمبل، سونہ واری، بانڈی پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق مقدمہ ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا، جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ غلام محمد شیخ عرف گلزار نے سرکاری ملازمت دلانے کا جھوٹا وعدہ کرکے شکایت کنندگان سے 23 لاکھ روپے وصول کیے۔ ملزم نے مبینہ طور پر جعلی تقرری نامے، شناختی کارڈ، لائسنس، تقرری کے خطوط اور پولیس و سی آئی ڈی کی جعلی تصدیقی دستاویزات جاری کرکے دھوکہ دہی کو حقیقی ظاہر کرنے کی کوشش کی۔
ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران الزامات درست پائے گئے اور یہ ثابت ہوا کہ تینوں ملزمان نے باہمی ملی بھگت سے شکایت کنندگان کو دھوکہ دے کر ان کی محنت کی کمائی ہتھیا لی۔ تحقیقات مکمل ہونے اور کافی شواہد جمع کرنے کے بعد ای او ڈبلیو نے عدالت میں چارج شیٹ پیش کر دی ہے۔
سرکاری نوکریوں کے نام پر 23 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی، ای او ڈبلیو نے تین ملزمان کے خلاف چارج شیٹ عدالت میں پیش کر دی